پیپلز پارٹی عوام کی نمائندہ جماعت ہے، گورنر پنجاب

لاہور (بیورو چیف) گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ 80فیصد لوگ اس وقت غربت کا شکار ہیں،اے سی میں بیٹھ کر لگتا ہے کہ سارا ملک خوشحال ہے،پیپلزپارٹی متوسط طبقے کی نمائندہ جماعت ہے جو غریب کا دکھ سرد سمجھتی ہے،بلاول بھٹو کے علاوہ کوئی لیڈر نہیں ہے جو ملک کوآگے لے کرسکے۔ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے سیالکوٹ کی تحصیل رحمت آباد میں پاکستان پیپلزپارٹی کے ورکرزکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔گورنر پنجاب کی آمد پر پارٹی ورکرز اور عہدیداروں سمیت علاقے کے معززین نے ان کا پُرتپاک استقبال کیا۔ ورکرز کنونش سے خطاب کرتے ہوئے گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ضلعی صدراورتمام عہدیداران سمیت کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتاہوں جنہوں نے اس ورکرزکنونشن کا کامیاب انعقاد کیا۔اُنہوں نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں بچوں،بڑوں اور بزرگوں کو دیکھ کر خوشی محسوس ہورہی ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ آپ کے چہروں کی چمک، روشنی اورجوش و جذبہ اس بات کا ثبوت ہے کہ جو نام نہاد سیاسی قوتیں آپ پر مسلط ہوئیں تھیں ان کا خاتمہ ہو گیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ تمام پولیٹیکل ورکرز کو میں صرف ایک میسج دیناچاہتاہوں کہ ہم سب کا دشمن ایک ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ آج غریب روٹی کو ترس رہا، ملک میں روز بروز مہنگائی میں اضافہ ہورہا ہے،صبح وشام پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہورہاہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اے سی میں بیٹھ کر لگتاہے کہ سارا ملک ایسے خوشحال ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ کسی دومرلہ والے غریب کے گھر جاکردیکھیں تو پتہ چلے گا اسی فیصد لوگ اپنے بچوں کو دو وقت کی روٹی بھی نہیں کِھلاسکتے۔اُنہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی متوسط طبقے کی واحد نمائندہ جماعت ہے جو غریب آدمی کا دکھ درد سمجھتی ہے۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر میں ہونے والے الیکشن میں کشمیر کے ہر کونے سے تیر کامیاب ہو گا۔اُنہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کا پیغام گلی گلی، محلے محلے جاکر پہنچانا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ویژنری لیڈر،سمجھ بوجھ والالیڈرکھڑاہونے والالیڈر ہوتا ہے، یس سر والانہیں۔ بلاول بھٹو پیدائشی لیڈر ہے یس سر کہنے والا نہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بلاول بھٹو کے علاوہ کوئی لیڈر نہیں ہے جو اس ملک کوآگے لے کر جاسکے۔اُنہوں نے کہا کہ ہم سب نے مل کرشہید ذوالفقار علی بھٹو کے عکس بلاول بھٹو کو آگے لے کر آنا ہے۔ کنونشن میں پارٹی ورکرز اور عہدیداروں سمیت علاقے کے معززین اور لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں