فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی پی او تنویر حسین کی ہدایت پر آج پھر مبینہ پولیس مقابلوں میں ریکارڈ یافتہ 1ڈاکو ہلاک’ دوسرا زخمی حالت میں گرفتار جبکہ ان کے ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے، پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے شعبہ مارچری جبکہ زخمی ڈاکو کو طبی امداد کیلئے ہسپتال پہنچا دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او تھانہ پیپلزکالونی سب انسپکٹر میاں واجد حسین نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جھال پل کے نیچے ریلوے گرائونڈ کے قریب مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، پولیس نے جوابی فائرنگ بھی کی۔ فائرنگ کا سلسلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا جس نے اپنا نام عاقب عرف اکو سکنہ 189 رب رسول پور بتایا جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ مرنے والا ڈاکو 11وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ اور پولیس کو مطلوب تھا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہو گئے۔ دوسرا مبینہ مقابلہ بٹالہ کالونی کے علاقہ ہلال روڈ پر ہوا جہاں پر بھی ایس ایچ او تھانہ بٹالہ کالونی ظہیر اختر گل نے ہلال روڈ پر موٹرسائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ پولیس نے جوابی فائرنگ بھی کی۔ فائرنگ کا سلسلہ بند ہونے پر ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا جس نے اپنا نام وکرم بتایا جو کہ ریکارڈیافتہ اور متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا، جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا، پولیس فرار ہونیوالے ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مار رہی ہے۔




