طوفانی بارشوں سے اموات کی تعداد107ہوگئی

اسلام آباد/لاہور(بیوروچیف)ملک میں بارشوں اور سیلاب سے اموات کی تعداد 100 سے تجاوز کرگئی ۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق 26 جون سے اب تک بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے ہونے والے حادثات میں اب تک 107 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ اس عرصے کے دوران مختلف حادثات میں 344 افراد زخمی ہوگئے۔این ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں 7، سندھ میں 2، خیبر پختونخوا ہ اور گلگت بلتستان میں ایک، ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔ ان حادثات میں 25 افراد زخمی بھی ہوئے، جن میں پنجاب کے 20، خیبر پختونخوا ہ کے 3 اور سندھ کے 2 افراد شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 26 جون سے شروع ہونے والے مون سون سیزن کے دوران اب تک ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 107 جبکہ زخمیوں کی تعداد 344 ہو چکی ہے۔ اسی عرصے میں 447 مکانات کو نقصان پہنچا ہے جبکہ 269 مویشی ہلاک ہوئے ہیں۔محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ پہاڑی علاقوں میں طغیانی اور نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیاہے۔ تیز آندھی، آسمانی بجلی اور موسلادھار بارش سے کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچنے کا انتباہ بھی کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر،گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور کشمیرکے بعض علاقوں میں موسلادھاربارش ہوگی۔ اسلام آباد اور گردونواح میں موسم جزوی ابر آلود ، تیز ہوائوں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ بالائی اوروسطی پنجاب، بالائی خیبرپختونخواہ ، بلوچستان میں چند مقامات پربارش کا امکان جبکہ جنوب مشرقی سندھ، کشمیر اور شمال مشرقی و وسطی پنجاب میں کہیں کہیں موسلادھاربارش ہو سکتی ہے۔مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ ، ملتان، ڈیرہ غازی خان اور رحیم یار خان میں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے ، کراچی میں مطلع جزوی ابر آلود اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں