200کے وی گریڈ اسٹیشن کی حفاظتی دیوار پھر زمین بوس ہوگئی

مکوآنہ (نامہ نگار) جڑانوالہ روڈ 215 رب میں واقع 200 کے وی گریڈ اسٹیشن کی حفاظتی دیوار ایک بار پھر زمین بوس ہو گئی، جس کے بعد تعمیراتی معیار اور استعمال کیے گئے میٹریل پر سنگین سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ دیوار کی تعمیر میں ناقص میٹریل استعمال کیا گیا جبکہ متعدد مقامات پر پرانی اور خستہ حال اینٹوں سے چنائی کی گئی، جس کی وجہ سے دیوار بارش، نمی اور معمولی دبا ئوبھی برداشت نہ کر سکی ۔اہل علاقہ کے مطابق دیوار پہلے بھی گر چکی ہے، تاہم متعلقہ حکام نے مستقل بنیادوں پر مسئلہ حل کرنے کے بجائے صرف عارضی مرمت پر اکتفا کیا، جس کے باعث صورتحال جوں کی توں برقرار ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر تعمیراتی کام مقررہ معیار اور قواعد و ضوابط کے مطابق کیا جاتا تو دیوار اس قدر کمزور نہ ہوتی۔علاقہ مکینوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ گریڈ اسٹیشن کے اطراف آبادی موجود ہے اور دیوار کے بار بار گرنے سے کسی بھی وقت کوئی بڑا جانی یا مالی نقصان ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سرکاری فنڈز سے تعمیر ہونے والے منصوبوں میںمبینہ طور پر ناقص میٹریل کا استعمال قومی خزانے کے ضیاع کے مترادف ہے، جس کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔شہریوں نے واپڈا (فیسکو)کے اعلیٰ حکام، چیف ایگزیکٹو آفیسر، متعلقہ ایکسیئن اور دیگر ذمہ دار افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اعلی سطحی انکوائری کرائی جائے، تعمیراتی کام میں استعمال ہونے والے میٹریل کا معیار چیک کیا جائے، اگر کسی قسم کی غفلت، بدعنوانی یا ناقص تعمیر ثابت ہو تو ذمہ دار ٹھیکیدار اور متعلقہ افسران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ساتھ ہی حفاظتی دیوار کو جدید انجینئرنگ اصولوں کے مطابق معیاری میٹریل سے ازسرِنو تعمیر کیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ہو سکے اور عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں