لوٹ مار کی وارداتوں میں ملوث ڈاکو حسیناؤں کا 4رکنی گروہ گرفتار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایس ایچ او تھانہ ڈی ٹائپ کالونی امتیاز علی نے کامیاب چھاپہ مار کرڈاکو حسینائوں پر مشتمل چار رکنی گینگ گرفتار کر لیا’ اس کے قبضہ سے لاکھوں کے زیورات’ نقدی’ موبائل فونز برآمد کر لئے’ مزید برآمدگی کیلئے پوچھ گچھ کا سلسلہ جاری ہے۔ تفصیل کیمطابق 223 رب احمد ٹائون کا رہائشی پراپرٹی ڈیلر زاہد محمود ایک پارٹی کو رقبہ دکھانے کیلئے کار پر جا رہے تھے کہ جب وہ سمندری روڈ چناب گارڈن کے قریب پہنچے تو سنٹروکار نے اوورٹیک کرتے ہوئے رُکنے کا اشارہ کیا جب انہوں نے گاڑی روکی تو دو مرد اور تین خواتین گاڑی سے نیچے اترے اور گن پوائنٹ پر چھ لاکھ نقدی’ کلائی گھڑیاں’ طلائی انگوٹھیاں اور موبائل فونز چھین کر فرار ہو گئے تھے۔ تاہم واردات کے بعد ایس ایچ او تھانہ ڈی ٹائپ کالونی امتیاز علی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مذکورہ گینگ کی ریکی شروع کر دی اور ٹیکنیکل وسائل بروئے کار لاتے ہوئے خواتین پر مشتمل گینگ کی تین خواتین رخسانہ’ شبانہ’ ثریا بی بی اور ان کے ایک ساتھی عمران کو گرفتار کر کے بازپرس شروع کر دی۔ پکڑے جانیوالے گروہ سے لاکھوں کا مال مسروقہ برآمد کر لیا اور دیگر وارداتوں بارے بازپرس کا عمل جاری ہے۔ خواتین پر مشتمل ڈاکوئوں کے گینگ نے علاقہ میں اندھیرنگری مچا رکھی تھی۔ سی پی او تنویر حسین کی ایس ایچ او ڈی ٹائپ کالونی اور انکی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ افراد کا خاتمہ اور شہریوں کے جان ومال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں