بلوچستان کی صورتحال قومی سلامتی کیلئے لمحہ فکریہ ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) آزاد کشمیر اور بلوچستان کی صورتحال قومی سلامتی کے لیے لمحہ فکریہ ہے، عوام کو ریاستی اداروں کے مقابل لا کھڑا کرنا انتہائی خطرناک عمل ہے ۔ پاکستان فلاح پارٹی کے چیئر مین محمد رمضان مغل ایڈووکیٹ ، سینئر وائس چیئرمین سید آفتاب عظیم بخاری، سید راشد علی گردیزی سیکرٹری جنرل ، شیخ محمد علی، چوہدری ضمیر گجر صدر پنجاب شمالی، میاں راشد حفیظ ،محمد رفیق لودھی ودیگر ذمہ داران نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر اور بلوچستان میں پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں بڑھتی ہوئی بے چینی، سیاسی عدم استحکام اور عوامی اضطراب پوری ریاست کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے، جسے محض طاقت کے استعمال سے حل نہیں کیا جا سکتا بلکہ اس کے لیے سنجیدہ، دانشمندانہ اور عوامی امنگوں کے مطابق سیاسی فیصلوں کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام کی بنیاد عوام کی رائے پر ہوتی ہے۔ عوام اپنے نمائندوں کو ووٹ دے کر اقتدار میں بھیجتے ہیں تاکہ وہ ان کے مسائل حل کریں، ان کے حقوق کا تحفظ کریں اور ریاستی اداروں کے ساتھ اعتماد کا رشتہ مضبوط بنائیں۔ اگر عوام کو سیکیورٹی اداروں کے ساتھ تصادم کی طرف دھکیلا جائے یا ایسے حالات پیدا کیے جائیں جن سے ریاستی اداروں اور عوام کے درمیان فاصلے بڑھیں، تو ایسی طرزِ حکمرانی جمہوری اصولوں کے منافی ہے اور ایسی حکومتیں اپنی اخلاقی حیثیت کھو دیتی ہیں۔ذمہ داران نے کہا کہ وفاقی حکومت کو اپنی پالیسیوں پر سنجیدگی سے نظرثانی کرنی چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں