کمالیہ(نامہ نگار)عوام کو معیاری تفریحی سہولیات کی فراہمی، شہر کی خوبصورتی میں اضا فے اور ماحول دوست ترقی کے فروغ کے لیے کمالیہ میں جدید عوامی پارک کے قیام کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ ماہم آصف ملک اور اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ ارم شہزادی نے مجوزہ پارک کی سائٹ کا تفصیلی معا ئنہ کیا۔دورے کے دوران دونوں افسران نے پارک کے لیے مختص اراضی، مقام کی موزونیت، آمدورفت کے راستوں، بنیادی سہولیات اور مستقبل کے ترقیاتی امکانات کا جائزہ لیا۔ متعلقہ محکموں کے افسران نے منصوبے کے مختلف پہلوں، مجوزہ ڈیزائن اور تعمیراتی پلان کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے ہدایت کی کہ پارک کی منصوبہ بندی شہریوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جائے ، خصوصا بچوں، خواتین اور بزرگوں کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پارک میں سرسبز لان، واکنگ ٹریک، بچوں کے کھیلنے کے لیے جدید جھولے ، آرام دہ نشستیں، معیاری لائٹنگ، شجرکاری اور دیگر جدید سہولیات شامل کی جائیں تاکہ یہ عوام کے لیے ایک بہترین اور پرکشش تفریحی مقام ثابت ہو۔اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ ارم شہزادی نے کہا کہ نئے پارک کا قیام شہریوں کو صحت مند، صاف ستھرا اور خوشگوار ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ شہر کے حسن اور ماحولیاتی بہتری میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ منصوبے سے متعلق تمام انتظامی اور تکنیکی امور مقررہ وقت کے اندر مکمل کیے جائیں تاکہ تعمیراتی کام جلد شروع کیا جا سکے ۔




