آرٹس کونسل میں محرم الحرام کے حوالے سے محفل مسالمہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پنجاب آرٹس کونسل فیصل آباد میں محرم الحرام کے حوالے سے مقاصد کربلا کے عنوان سے ایک روحانی اور باوقار محفلِ مسالمہ کا انعقاد کیا گیا۔محفل کا مقصد نواسہ رسول حضرت امام حسین اور شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کرنا اور کربلا کے پیغامِ حق کو عام کرنا تھا۔اس بابرکت محفل میں شہر کے نامور شعرا، نعت خواں، منقبت خواں اور ادبی و فنکار شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔ مقررین نے اپنے کلام اور خطاب کے ذریعے واقعہ کربلا کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ امام حسین کا پیغام ظلم کے خلاف قیامت تک مشعلِ راہ رہے گا۔محفل کے دوران شعرا نے اپنے نوحے، سلام اور مرثیے پیش کر کے حاضرین کو رلا دیا۔ نعت خواں اور منقبت خواں نے بارگاہِ رسالت اور اہلِ بیت میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ پورا ہال ”لبیک یا حسین” اور ”السلام علیک یا ابا عبداللہ” کی صداں سے گونج اٹھا۔ڈائریکٹر فیصل آباد آرٹس کونسل مقبول ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آرٹس کونسل ہمیشہ مذہبی، ادبی اور ثقافتی روایات کے فروغ کے لئے کوشاں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ حسینیت زندہ ہے اور رہے گی کیونکہ یہ حق اور سچ کی علامت ہے۔محفل کے آخر میں شہدائے کربلا کے ایصالِ ثواب کے لئے خصوصی دعا کی گئی اور ملک و قوم کی سلامتی کے لئے بھی دعائیں کی گئیں۔محفل میں بڑی تعداد میں خواتین و حضرات نے شرکت کی اور اسے محرم کی بہترین ادبی و روحانی محفلوں میں سے ایک قرار دیا۔منتظمین نے تمام شریک فنکاروں، مہمانوں اور میڈیا کا شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں