FDAنے مالی استحکام میں اضافے کے حوالے سے اہم سنگ میل عبور کرلیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے)نے مالی استحکام اور ادارہ جاتی وسائل میں اضافے کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا جس کے تحت ایف ڈی اے سٹی کے مختلف بلاکس میں دستیاب10مرلہ اور ایک کنال رقبے پر مشتمل مجموعی طور پر 284رہائشی پلاٹس فیسکو کو 2،ارب 34کروڑ 76لاکھ روپے میں فروخت کئے گئے ہیں۔معاہدے کے تحت پلاٹس کی مالیت کی پہلی قسط کے طور پر58 کروڑ 60 لاکھ روپے کا چیک ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ کی موجودگی میں چیف ایگزیکٹو آفیسر فیسکو محمد عامر سے ایک سادہ مگر پروقار تقریب کے دوران وصول کیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند، چیف انجینئر مہر ایوب، ڈائریکٹرز سہیل مقصود پنوں، جنید حسن منج، یاسر اعجاز چٹھہ، افنان سعید سندھو، ایف ڈی اے اور فیسکوکے دیگر افسران تقریب میں موجود تھے۔ کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ایف ڈی اے کی جانب سے مالی استحکام کے لیے کیے گئے اس منفرد اور موثر اقدام کو سراہا اور کہا کہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ادارے اپنی آمدن کے نئے ذرائع پیدا کرکے ہی مضبوط، خود کفیل اور پائیدار بنیادوں پر استوار رہ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف ڈی اے نے بہترین منصوبہ بندی، شفافیت اور دور اندیشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ایسا ماڈل متعارف کرایا ہے جو دیگر ترقیاتی اداروں کے لیے بھی قابل تقلید مثال بن سکتا ہے۔ کمشنر نے کہا کہ اس معاہدے سے نہ صرف ایف ڈی اے کے مالی وسائل میں نمایاں اضافہ ہوگا بلکہ شہری ترقی کے منصوبوں، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور جاری ترقیاتی سکیموں کی تکمیل میں بھی مزید تیزی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ فیسکو کی جانب سے اپنے ملازمین کے لئے باوقار، محفوظ اور معیاری رہائشی ماحول کی فراہمی کا فیصلہ قابل تحسین ہے جس سے ملازمین کی فلاح و بہبود اور ادارہ جاتی کارکردگی پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ دونوں اداروں کے درمیان یہ تعاون مستقبل میں مزید مضبوط ہوگا اور عوامی خدمت کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کمشنر فیصل آباد کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ادارے کے مالی وسائل میں اضافہ اور خود انحصاری کے لیے مختلف بزنس ماڈلز پر تفصیلی غور کیا گیا جن میں ایف ڈی اے سٹی کے پلاٹس کی فیسکو کو فروخت ایک اہم اور موثر حکمت عملی ثابت ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کی باقاعدہ منظوری ایف ڈی اے بورڈ آف گورنرز سے حاصل کی گئی اور تمام قانونی، مالی و انتظامی تقاضے مکمل شفافیت کے ساتھ پورے کیے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر ان منتخب پلاٹس کو عام شہریوں کے لیے چار سالہ آسان اقساط پر فروخت کرنے کی تجویز زیر غور تھی، تاہم فیسکو کی جانب سے اجتماعی خریداری کی پیشکش ادارے کے مالی مفاد میں زیادہ موزوں ثابت ہوئی جس کے بعد تمام قواعد و ضوابط کی تکمیل کے بعد اس منصوبے کو عملی شکل دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے سے ایف ڈی اے کو فوری مالی وسائل دستیاب ہوں گے، جنہیں ترقیاتی منصوبوں، شہری سہولیات کی بہتری اور عوامی خدمات کے معیار کو مزید بلند کرنے پر خرچ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کی مالی خود کفالت کے لیے آئندہ بھی جدید، موثر اور پائیدار منصوبہ بندی جاری رکھی جائے گی۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے اس اہم تقریب میں شرکت پر کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ، چیف ایگزیکٹو آفیسر فیسکو، ایف ڈی اے اور فیسکو کے افسران اور دیگر شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تمام متعلقہ اداروں کے تعاون سے ہی ایسے اہم منصوبوں کو کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکتا ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر فیسکو محمد عامر نے کہا کہ فیسکو ملازمین کے لیے ایک جدید، محفوظ اور معیاری رہائشی منصوبہ تشکیل دیا جا رہا تھا جس کے لیے ایف ڈی اے سٹی اپنی بہترین لوکیشن، منصوبہ بند انفراسٹرکچر اور تمام بنیادی شہری سہولیات کی دستیابی کے باعث سب سے موزوں انتخاب ثابت ہوا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ فیسکو ملازمین اور ان کے خاندانوں کو بہتر طرز زندگی، محفوظ رہائشی ماحول اور جدید سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایف ڈی اے کی پیشہ ورانہ استعداد، شفاف اندازِ کار اور انتظامیہ کے بھرپور تعاون کی بدولت یہ معاہدہ انتہائی خوش اسلوبی سے مکمل ہوا جس پر وہ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری، ان کی پوری ٹیم اور کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ کے خصوصی تعاون پر دلی شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی فیسکو اور ایف ڈی اے کے درمیان باہمی تعاون مزید فروغ پائے گا اور عوامی مفاد کے ایسے منصوبے مشترکہ طور پر کامیابی سے مکمل کیے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں