فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سیف سٹی فیصل آباد منصوبے کے تحت شہر میں نصب مزید1400 کیمروں سے ون وے کی خلاف ورزی پر ای چالان کا سلسلہ آج سے شروع کر دیا گیا ہے اس سے قبل شہر کے مختلف مقامات پر نصب 16 کیمرو ں کے ذریعے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر ای چالان کیے جا رہے تھے، تاہم اب مزید کیمرو ں کو بھی ون وے کی خلاف ورزی کی مانیٹرنگ اور چالان کے نظام سے منسلک کر دیا گیا ہے،ذرائع کے مطابق سیف سٹی فیصل آباد کے تحت شہر میں نصب تقریباً 1400کیمرے اب ون وے کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کریں گے۔ کیمرے کسی گاڑی یا موٹرسائیکل کو ممنوعہ سمت میں جاتے ہوئے ریکارڈ کرنے کی صورت میں متعلقہ گاڑی کا ای چالان جاری کرنے کے لیے استعمال ہوں گے، دوسری جانب شہر کے داخلی و خارجی راستوں سمیت ان مخصوص مقامات پر نصب 16 کیمرے جو پہلے سے ای چالان کر رہے ہیں، بدستور ٹریفک قوانین کی مختلف خلاف ورزیوں کی نگرانی کرتے ہوئے ہر قسم کے قابلِ چالان ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائی کریں گے سیف سٹی کیمروں کے دائرہ کار میں اضافے کے بعد ٹریفک قوانین پر عمل درآمد مزید موثر بنانے کی توقع کی جا رہی ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ون وے کی خلاف ورزی سمیت دیگر ٹریفک قوانین کی پابندی کریں تاکہ حادثات اور ٹریفک کے مسائل سے بچنے کے ساتھ ساتھ ای چالان سے بھی محفوظ رہا جا سکے ٹریفک حکام کے مطابق جدید کیمروں کے ذریعے نگرانی کا مقصد ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی حوصلہ شکنی، شہریوں کے لیے سڑکوں کو محفوظ بنانا اور ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانا ہے۔




