فلاحی منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر قابل قبول نہیں

ساہیوال (بیورو چیف) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ عوامی فلاح کے منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر کسی صورت قابلِ قبول نہیں، ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرکے انہیں مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے، جبکہ تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے یہ ہدایات زیرِ تعمیر بیرون لاری اڈا اور سلاٹر ہاؤس کے تفصیلی دورے کے دوران جاری کیں۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے بیرون لاری اڈا کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور وہاں جاری تعمیراتی کاموں، پیش رفت اور مسافروں کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کام کی رفتار سست ہونے پر اظہارِ برہمی کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تعمیراتی سرگرمیوں میں تیزی لائی جائے اور منصوبے کو مقررہ ڈیڈ لائن کے اندر مکمل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ بیرون لاری اڈا شہریوں اور بین الاضلاعی مسافروں کے لیے اہم سہولت ہے، اس لیے اسے جدید اور بنیادی سفری سہولیات سے آراستہ کیا جائے۔ مسافروں کے لیے انتظارگاہ، آمدورفت، صفائی، نکاسی آب اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو آرام دہ اور بہتر سفری ماحول میسر آ سکے۔کمشنر نے بعد ازاں زیرِ تعمیر سلاٹر ہاؤس کا بھی تفصیلی معائنہ کیا اور مختلف حصوں میں جاری کام کا جائزہ لیتے ہوئے منصوبے کی تکمیل میں پیش رفت کے بارے میں بریفنگ لی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سلاٹر ہاؤس کی تعمیر میں مقررہ معیار اور ڈیزائن کی مکمل پابندی کی جائے اور باقی ماندہ کام تیزی سے مکمل کیے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں