اللہ کریم کے ذکر سے دلوں کازنگ اترجاتا ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) عالمی اصلاحی تنظیم، الاخوان کے مرکزی امیر و سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کے سربراہ عبدالقدیر اعوان نے کہا ہے کہ آج کا مسلمان مصائب اور پریشانیوں میں مبتلا ہے اور دنیاوی معاملات میں درست سمت میں نہیں۔ اللہ کریم کے مسلسل ذکر سے دلوں کا زنگ اتر جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تنظیم الاخوان فیصل آباد ڈویژن کے زیر اہتمام کینال روڈ پر مقامی مارکی میں بعثت رحمت عالم ۖ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جہاں خواتین و حضرات کی بڑی تعداد موجود تھی۔ جس کیلئے تنظیم الاخوان کے ڈویژنل صدر ریاست علی زاہد جنرل سیکرٹری عرفان سعید، سیکرٹری اطلاعات میجر ریٹائرڈ محمد بلال، فنانس سیکرٹری محمد اختر خان اور کوآرڈینیٹر رضوان سعید مرزا اور ان کی ٹیم نے بہترین طریقہ اختیار کر رکھا تھا۔ تقریب میں مختلف سیاسی جماعتوں کے پارلیمنٹیرینز اور متعدد رہنما بھی موجود تھے۔ امیر عبد القدیر اعوان نے مزید وضاحت سے کہا کہ آج بھی حضرت محمد ۖ روضہ اطہر میں اسی طرح جلوہ افروز ہیں جیسے اس دنیا میں جلوہ افروز تھے۔ اگر کوئی وہاں صدق دل سے حاضر ہو کر اپنے گناہوں کی بخشش طلب کرے تو اللہ کریم آپ ۖ کے صدقے معاف فرمائیں گے۔دیکھنا یہ ہے کہ ہم نہاں خانہ دل سے یہ تڑپ لے کر جارہے ہیں؟ اگر ہماری اکثریت صدق سے جاتی تو ہمارے معاشرے میں حجاج اور عمرہ کرنے والے سب سے زیادہ ہیں پھر بھی معاشرے میں انحطاط ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ہم ہوں گے ایسے ہی ہمارے صاحب اختیار ہوں گے۔ وطن عزیز میں ہر روز ہمارے جوان قربان ہو رہے ہیں اور بحیثیت مجموعی ہمارے کردار اس حد تک پہنچ چکے ہیں کہ اظہار محبت ۖ کو بھی رواجات کی نذر کر دیا ہے۔ قرآن کریم میں ارشاد ہے کہ جب تک کوئی اپنے معاملات میں آپ ۖ کو منصف نہ بنائے مومن نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر دل زنگ آلود ہو گئے ہوں تو واحد چیز جو اس زنگ کو اتار سکتی ہے وہ اللہ کا ذکر ہے۔ قرآن کریم میں ارشاد ہے کہ کیا ہی اچھے ہیں سیدھے ہاتھ والے اور کیا برے ہیں الٹے ہاتھ والے۔ لیکن فرمایا کیا ہی اچھے ہیں جو آگے والے ہیں۔ سبقت لے جانے والے جنہیں اللہ کی رضا کے ساتھ اللہ کا قرب بھی نصیب ہوا۔ آخر میں انہوں نے ذکر قلبی سکھایا، اس کی اہمیت پر زور دیا۔ طریقہ ذکر کے بعد ظاہری بیعت اور ملکی سلامتی و بقا کے لیے اجتماعی دعا بھی فرمائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں