فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) کے زیر اہتمام جشن آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں سپورٹس کمپلیکس ایف ڈی اے سٹی میں منعقدہ آزادی کپ باسکٹ بال ٹورنامنٹ کے بوائز اور گرلز مقابلوں میں سپورٹس کمپلیکس ایف ڈی اے سٹی کی گرلز ٹیم اور کریسنٹ سپورٹس کمپلیکس کی بوائز ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی اپنے نام کرلی۔ٹورنامنٹ میں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری مہمان خصوصی تھے جبکہ اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند، چیف انجینئر مہر ایوب، مینجر سپورٹس کمپلیکس رضوانہ کمال، اسسٹنٹ مینجر طارق نذیر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ٹورنامنٹ میں بوائز اور گرلز کی مجموعی طور پر چار ٹیموں نے حصہ لیا اور کھلاڑیوں نے بھرپور جوش، جذبے اور کھیلوں کی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ میچز کے آغاز سے قبل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری سے تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں کا تعارف کرایا گیا۔ انہوں نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ کھیل نوجوان نسل میں نظم و ضبط، برداشت، ٹیم ورک، قائدانہ صلاحیتوں اور مثبت سوچ کو فروغ دینے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ بوائز اور گرلز ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے مقابلے انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز رہے۔ جس پر سپورٹس کمپلیکس میں موجود شائقین نے کھلاڑیوں کو بھرپور داد دی۔ اختتام پر ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے فاتح ٹیموں اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے اور انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آزادی کپ جیسے کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد جشن آزادی کی تقریبات کو مزید بامقصد اور یادگار بنانے کے ساتھ نوجوانوں میں وطن سے محبت اور قومی جذبے کو اجاگر کرنے کا ذریعہ ہیں۔انہوں نے آزادی کپ باسکٹ بال ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد اور بہترین انتظامات پر مینجر سپورٹس کمپلیکس رضوانہ کمال اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کے مقابلوں کا باقاعدگی سے انعقاد نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے کھیلوں کا فروغ ناگزیر ہے اس مقصد کے لئے سپورٹس کمپلیکس ایف ڈی اے سٹی کو صحت مند تفریح اور کھیلوں کا بہترین مرکز بنانے کے لیے تمام ممکنہ وسائل کو بروئے لایا رہا ہے۔ اس موقع پر موجود افسران، کھلاڑیوں اور شائقین نے آزادی کپ باسکٹ بال ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کو سراہتے ہوئے مستقبل میں بھی ایسے کھیلوں کے مقابلوں کے تسلسل کی خواہش کا اظہار کیا۔




