فیصل آباد ( سٹاف رپورٹر) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے گڈز ٹرانسپورٹرز کی طرف سے ہڑتال کو موخر کرنیکا خیر مقدم کیا ہے تاہم حکومت اور ٹرانسپورٹروں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے مسائل کو مستقل طور پر حل کریں تاکہ ملکی صنعتوں کی خام مال درآمد اور تیار مال کی برآمد متاثر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ 9 روزہ ہڑتال سے خاص طور پربرآمدی صنعتوں کو درآمدی خام مال کی سپلائی چین ٹوٹ گئی ہے جسے بحال کرنے کیلئے مزید کئی ہفتے درکار ہوں گے۔ اسی طرح بندرگاہ جانے کیلئے رکے ہوئے کنٹینروں کی بحالی کیلئے بھی دو سے تین ہفتے درکار ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک یہ سپلائی چین مکمل طور پر بحال ہو گئی تو پھر دوبارہ ہڑتال کا خدشہ برآمد کنندگان کے سر پر منڈلا رہا ہوگا اور وہ غیر ملکی کنسائنمنٹس بروقت روانہ نہیں کر پائیں گے۔ انہوں نے ملکی معیشت کیلئے برآمدات کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے حکومت اور گڈز ٹرانسپورٹروں پر زور دیا ہے کہ وہ فوری طور پر ہڑتال ختم کرنے کا مستقل فیصلہ کریں تاکہ برآمد کنندگان مزید غیر ملکی آرڈر حاصل کر کے اُن کی بروقت ترسیل بھی یقینی بنا سکیں۔ انہوں نے گومگو کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ موجودہ صورتحال میںکھل کے برآمدات کو جاری رکھنا اور کاروبار کرنا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں فریقوں کو موجودہ عالمی حالات میں ملکی معیشت کے استحکام کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے ملک کے وسیع تر مفاد میں بہترین فیصلہ کرنا ہوگا۔




