لاہور( بیورو چیف)متنازعہ یوٹیوبر رجب بٹ نے کہا ہے کہ بطور کانٹینٹ کریئیٹر ان کی زندگی کی بڑی سرگرمیاں ہی ان کے وی لاگز کا حصہ بن جاتی ہیں۔رجب بٹ نے حالیہ انٹرویو میں اپنی دولت کی نمائش کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی مالی حیثیت چھپانے کے بجائے اسے اپنے کانٹینٹ کا حصہ بناتے ہیں۔ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ یوٹیوب سے وابستہ ہوتے ہوئے 5 کروڑ روپے کی گاڑی خریدتے ہیں تو اس پر وی لاگ بنانا ان کے لیے فطری بات ہے۔ کانٹینٹ کریئیٹرز کسی کی سالگرہ کی تقریب تک کو نہیں چھوڑتے اور وہاں بھی کانٹینٹ تلاش کرلیتے ہیں تو پھر وہ اپنی زندگی کی مہنگی اور نمایاں چیزوں کو ویڈیوز میں کیوں نہ دکھائیں۔رجب بٹ کا کہنا تھا کہ بطور یوٹیوبر انہیں اپنی ویڈیوز کو دلچسپ بنانا ہوتا ہے، اسی لیے وہ اپنی گاڑیوں، طرزِ زندگی اور دیگر چیزوں کو بھی ناظرین کے سامنے لاتے ہیں۔ دولت کی نمائش محض ذاتی شوق نہیں بلکہ ان کے کانٹینٹ بنانے کے انداز کا بھی ایک حصہ ہے۔




