اسلام آباد (بیورو چیف)وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی مذاکراتی کمیٹی اب بھی موجود ہے،حکومت کسی سیاسی جماعت کے سیاسی موقف یا احتجاج کے حق سے انکار نہیں کرتی تاہم ملاقاتیں جیل مینول اور عدالتی احکامات کے مطابق ہی ہوں گی۔ سینٹ میں سینیٹر مشال یوسفزئی کی جانب سے اٹھائے گئے نکات پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کا معاملہ قانونی اور انتظامی طریقہ کار کے مطابق طے ہوگا، کسی سیاسی جماعت کو ملاقات کا طریقہ کار اپنی مرضی سے ڈکٹیٹ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔طلال چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے اپنے وکیل کو سپریم کورٹ نے مقرر کرکے جیل بھیجا تھا جہاں انہوں نے جیل کا دورہ کرکے تفصیلی رپورٹ عدالت میں پیش کی۔




