فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے کمرشل صارفین کی تعداد میں اضافہ اور ریونیو ریکوری اہداف حاصل کرنا لازمی قرار دیدیا ہے بصورت دیگر ایسے تمام ریونیو افسران کو تبدیل کر دیا جائے جو مقرر کردہ ٹارگٹ کے مطابق ریونیو ریکوری نہیں کر سکیں گے۔ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ واسا فیصل آباد کی حدود میں کمرشل صارفین کی تعداد بہت کم ہے جس میں اضافہ کیا جائے اور جو ریونیو افسران اپنا مقرر کردہ ریونیو ریکوری ٹارگٹ پورا نہیں کرتے ان کی فہرست بنائیں تا ان کی مراعات واپس لی جا سکیں۔ ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ تمام پرائیویٹ ہائوسنگ کالونیوں کے ڈویلپرز کو آگاہ کیا جائے کہ تمام گھروں میں سیپٹک ٹینک بنایا جائے جبکہ پارکوں میں ریچارج ویل بھی لازمی بنایا جائے، اسی طرح جن کالونیوں نے واجبات کی ادائیگی کے لئے انسٹالمنٹ کروا رکھی ہیں وہ اپنے وعدہ کے مطابق انسٹالمنٹ کی ادائیگی کروا رہا ہے تو ٹھیک ہے بصورت دیگر ان کے این او سی منسوخ کر دئیے جائیں۔ انہوں نے تاکید کہ کہ سرگودھا روڈ پر قائم صنعتی یونٹس کو شوکاز نوٹسز جاری کئے جائیں تاکہ ان سے ماہانہ بلز وصول ہو سکیں اور ان کے کنکشنز ریگولر کئے جا سکیں۔ ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ ریونیو ریکوری میں اضافہ سے ہی محکمہ مالی طور پر مستحکم ہو گا جس سے شہریوں کو نکاسی و فراہمی آب کی معیاری سہولیات میں مزید بہتری لائی جا سکے گی۔




