ساہیوال (بیوروچیف) پھل اور سبزیوں کے نرخ آسمان پر ریٹ لسٹیں غائب، شہری پریشان، تفصیل کے مطابق شہر اور گردو نواح میں پھلوں اور سبزیوں کی قیمتیں عام شہریوں کی پہنچ سے ہو گئیں، جبکہ متعدد دکانداروں کی جانب سے ریٹ لسٹیں آویزاں نہ کیے جانے کے باعث شہریوں کو من مانے نرخوں پر اشیائے ضروریہ خریدنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔ شہریوں کے مطابق مارکیٹ میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ سرکاری نرخ نامہ دکانوں پر نظر نہیں آتا۔ بعض دکاندار مبینہ طور پر اپنی مرضی کے نرخ مقرر کر کے شہریوں سے زائد قیمتیں وصول کر رہے ہیں، جس کے باعث صارفین اور دکانداروں کے درمیان تلخ کلامی کے واقعات بھی معمول بنتے جا رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے باعث پہلے ہی گھریلو بجٹ شدید متاثر ہے، ایسے میں پھل اور سبزیاں بھی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوتی جارہی ہیں۔ دکاندار من مانے نرخوں پر اشیاء فروخت کرنے لگے۔ پرائس کنٹرول کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، پرائس مجسٹریٹ کی عدم توجہی کے باعث دکانداروں نے مبینہ طور پر من مانے نرخ مقرر کر کے اشیائے ضروریہ کی فروخت شروع کر دی۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر ساہیوال اور متعلقہ پرائس کنٹرول حکام سے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔




