فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد میں میڈیا لٹریسی اِن دی ڈیجیٹل ایرا کے موضوع پر سیمینار منعقد ہوا، جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین (تمغہ امتیاز) نے کی۔وائس چانسلر نے کہا کہ ڈیجیٹل دور میں میڈیا لٹریسی، معلومات کی تصد یق اور تنقیدی سوچ ناگزیر ہے۔ انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ کسی بھی خبر، تصویر، ویڈیو یا دعوے کو شیئر کرنے سے پہلے اس کے ماخذ اور صداقت کی جانچ کریں۔ڈاکٹر سویرا مجیب شامی، ہیڈ ڈیپار ٹمنٹ آف ڈیجیٹل میڈیا، یونیورسٹی آف پنجاب، نے سوشل میڈیا الگورتھمز، گمراہ کن معلومات اور AI سے تیار کردہ مواد کے تناظر میں ذمہ دارانہ ڈیجیٹل رویے پر زور دیا۔ ثنا نوید خان نے سوشل میڈیا الگورتھمز جبکہ ذیشان حیدر، بی بی سی نیوز اردو، حسام احمد اور عفاف نے خبر کی تصدیق اور ذمہ دارانہ صحافت پر گفتگو کی۔سیمینار کا انعقاد شعبہ میڈیا اینڈ کمیونیکیشن اسٹڈیز اور میڈیا اینڈ کمیونیکیشن سوسائٹی، جی سی ویمن یونیورسٹی کے زیر اہتمام کیا گیا، جس میں میڈیا نمائندگان، اساتذہ اور طالبات نے شرکت کی۔




