امن و امان کا قیام ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی زیرِ صدارت عید میلاد النبی ۖ کے حوالے سے امن کمیٹی کے ممبران کا اجلاس منعقد ہوا۔ سٹی پولیس آفیسر تنویر حسین بھی ان کے ہمراہ تھے۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکو ار ٹر سارا زینب، صاحبزادہ فیض رسول، مولانا ریاض کھرل، مفتی ضیا مدنی، شاہد رزاق سکا اور امن کمیٹی کے دیگر ممبران نے شرکت کی۔اجلاس میں عید میلاد النبی ۖ کے حوالے سے سکیورٹی، انتظامی امور، مذہبی ہم آہنگی اور امن و امان کے قیام سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے امن کمیٹی ممبران سے انتظامات کے حوالے سے مشاورت کی اور ان کی تجاویز بھی سنیں۔ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کہا کہ عید میلاد النبی ۖ کی تقریبات کو امن و امان، مذہبی ہم آہنگی اور عقیدت واحترام کے ماحول میں منعقد کرنے کے لئے تمام ضروری انتظامات کو مزید موثر بنایا جائے گا۔ تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور تعاون سے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے اور امن و امان کا قیام ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اس مقصد کے لئے امن کمیٹی کے معزز ممبران کا تعاون انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ امن کمیٹی کے ممبران نے چہلم امام حسین اور یومِ آزادی کے موقع پر بہترین انتظامات پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ممبران نے عید میلاد النبی ۖ کے موقع پر بھی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون اور مکمل معاونت کی یقین دہانی کرائی۔ڈپٹی کمشنر نے امن کمیٹی ممبران کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ عید میلاد النبی ۖ کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کے لئے باہمی مشاورت اور تعاون کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں