فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) محکمہ اوقاف و مذہبی امور کے زیراہتمام”نسل نو کا تحفظ تعمیر اور کردار سیرت النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی روشنی میں ” کے موضوع پرسالانہ زونل سیرت النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کانفرنس میونسپل کارپوریشن ہال میں منعقد ہوئی۔کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ،ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق،ڈائریکٹر ایڈمنسٹر یشن اوقاف پنجاب محمد شاکر سندھو،اسسٹنٹ کمشنر سٹی عادل عمر،ایڈمنسٹریٹر اوقاف محمد عمران تبسم،مینجر اوقاف شاہد ارسلان،زونل خطیب اوقاف مولانا محمد اسلم ساقی کے علاوہ مولانا محمد ریاض کھرل، یاسین ظفر،علامہ طاہرالحسن،ڈاکٹر افتخار نقوی اور دیگر علما کرام شریک ہوئے۔کمشنر فیصل آباد نے کہا کہ سید المرسلین،خاتم النبین،رحمت اللعالمین،راحت العاشقین حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی بات ہو تو پھر دور نہیں رہا جاسکتا،ایسی پر نور تقریبات میں شرکت اور حاضری ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے محبت ہمارے ایمان کا لازمی جزو ہے اور سالانہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کانفرنس میں شرکت باعث اعزاز ہے۔انہوں نے محکمہ اوقاف کے زیراہتمام پرنور کانفرنس کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ فیصل آباد ڈویژن میں جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم شایان شان انداز میں منائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اللہ پاک ہمیں نبی آخرالزمان کی سنتوں پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔کانفرنس سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور ”نسل نو کا تحفظ تعمیر اور کردار سیرت النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی روشنی میں ” سے متعلق گفتگو کی۔آخر میں ملک وقوم کی ترقی و خوشحالی کی دعا کی گئی۔




