افسران فیلڈ میں نکلیں اور عوامی مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے،ڈپٹی کمشنر

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی زیرِ صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز انور علی، مدثر ممتاز ، مراد حسین نیکوکارا، سارا زینب، شرینہ جنجوعہ، اسسٹنٹ کمشنر سٹی عادل عمر،اسسٹنٹ کمشنر صدر ڈاکٹر ذوالقرنین سمیت دیگر اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلعی انتظامیہ کی فیلڈ سرگرمیوں، ستھرا پنجاب، صفائی ستھرائی، تجاوزات کے خاتمے، ٹریفک کی روانی، عوامی شکایات کے ازالے، سرکاری اداروں کی سروس ڈیلیوری اور مختلف عوامی فلاحی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے ہدایت کی کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے عوامی خدمت کے ویژن کے مطابق تمام افسران باقاعدگی سے فیلڈ میں نکلیں اورعوامی مسائل کے فوری حل کو یقینی بنائیں۔انہوں نے ستھرا پنجاب کی کارکردگی اور شہر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ ویسٹ کنٹینرز اور ویسٹ بنز کی مناسب برانڈنگ کروائی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے گٹروں سے نکلنے والے پانی کی فوری صفائی اور نکاسی کے لیے واسا کے ساتھ موثر رابطہ رکھنے، شہر کے انٹری و ایگزٹ پوائنٹس پر اعلیٰ معیار کے صفائی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ ہر ماہ عوامی فلاح و بہبود کے لئے اپناانیشیٹو پیش کریں۔ ان اقدامات میں پارکس کی بہتری، وال پینٹنگ، اربن ایریاز میں لین مارکنگ اور ٹریفک سیفٹی کے منصوبے شامل کیے جائیں۔ڈپٹی کمشنر نے ہر تحصیل میں پیڈل کورٹ اور کرکٹ ایرینا کے قیام کے لئے اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ نوجوانوں کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پیرا سٹاف کے خلاف موصول ہونے والی شکایات کے ازالے کے لئے باقاعدہ ڈیوٹی شیڈول مرتب کرکے ڈیوٹیاں لگائی جائیں اور شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جائے۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو میٹرو روٹس کے باقاعدگی سے دورے کرنے، تجاوزات کا خاتمہ اور ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ ریڑھی بانوں کے لئے موثر میکانزم بنانے اور مزید ریڑھی بازار قائم کرنے پر بھی زور دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ مین روڈز پر ریڑھیاں نظر نہیں آنی چاہئیں، اس مقصد کے لئے متبادل اور مناسب مقامات پر انتظام کیا جائے۔محمد نعمان صدیق نے ہدایت کی کہ اسسٹنٹ کمشنرز سب رجسٹرار دفاتر، اراضی ریکارڈ سنٹرز اور ای خدمت مراکز کے دورے کریں، شہریوں سے براہِ راست ملاقات کرکے سروس ڈیلیوری کا جائزہ لیں اور عوامی مسائل سے آگاہی حاصل کریں۔انہوں نے ہسپتالوں اور رورل ہیلتھ سنٹرز کے دوروں کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ افسران مریضوں سے ملاقات کرکے طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور دیگر مسائل کے بارے میں براہِ راست معلومات حاصل کریں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ افسران کی فیلڈ میں موجودگی، عوامی مسائل کی نشاندہی اور ان کے فوری حل سے ہی گڈ گورننس اور بہتر سروس ڈیلیوری کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ تمام افسران اپنی ذمہ داریاں موثر انداز میں ادا کریں اور عوامی خدمت کو اولین ترجیح دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں