فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے ڈویژن کے پبلک سکولوں کو تعلیمی لحاظ سے عروج پر لے جانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کون بنے گا ”ایک دن کا کمشنر فیصل آباد” مقابلہ میں اگر پبلک سکول کا کوئی طالب علم منتخب ہوا تو وہ اپنی جیب سے اسے ایک لاکھ روپے کا انعام دیں گے۔ ڈویژنل پبلک سکول وکالج مین کیمپس میں سالانہ تقریب کے دوران میٹرک کے امتحان2026 میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طالب علموں میں انعامات تقسیم کرتے ہوئے کمشنر نے ایجوکیشن بورڈ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ڈی پی ایس سمندری کی طالبہ کو مہمان خصوصی بنا کر اس سے دیگر طالبات میں انعامات تقسیم کرائے۔انہوں نے کہا کہ ڈی پی ایس عام ادارہ نہیں بلکہ تاریخ کا نام ہے اور ان اداروں کو عالمی سطح پراجاگر کرنا مقصد ہے اور وہ وقت دور نہیں جب پبلک سکولوں میں دنیا بھر سے طالب علم داخلہ لیں گے۔کمشنر نے کہا کہ پبلک سکولوں کو دنیا کی یونیورسٹیز سے منسلک کرائیں گے تاکہ یہاں کے طالب علم سکالرشپ لیں۔انہوں نے کہا کہ آج کی دنیا مقابلے کی دنیا ہے اسی لئے ایک دن کا کمشنر فیصل آباد کا مقابلہ کرایا جارہا ہے جس میں نہ صرف ذہین بلکہ ہم نصابی سرگرمیوں میں عمدہ کارکردگی کے حامل طالب علم سی ایس ایس/پی ایم ایس لیول کے امتحان سے گزریں گے۔انہوں نے میٹرک سالانہ امتحان میں عمدہ نتائج کے حامل طالب علموں،اساتذہ اور ان کے والدین کو مبارکبادی۔پرنسپل ڈی پی ایس عالیہ چٹھہ نے سپاسنامہ پیش کیا۔ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ /ڈائریکٹر سکولز سیل آصف چوہان،پرنسپلز اور سرکاری افسران موجود تھے۔




