سماجی و اخلاقی مسائل کا حل سیرت طیبہ کی پیروی میں ہے

جڑانوالہ(نامہ نگار) مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے ناظم اعلیٰ علامہ عبدالرشید حجازی نے کہا ہے کہ ماہِ ربیع الاول پیغمبرِ اسلام حضرت محمد مصطفی ۖ کی سیرتِ طیبہ سے رہنمائی حاصل کرنے اور آپۖ کی تعلیمات کو اپنی زندگیوں پر نافذ کرنے کا بہترین موقع ہے۔ سیرت النبیۖ کے پروگرامز کا مقصد صرف روایتی اجتماعات منعقد کرنا نہیں بلکہ امت مسلمہ باالخصوص نو جوان نسل کو اسوہ حسنہ سے جوڑنا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی جمعیت اہلحدیث ضلع فیصل آباد کے ایک اہم اور خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ماہِ ربیع الاول کے مبارک مہینے میں ضلع بھر میں سیرت النبیۖ کے سلسلے میں منعقد کیے جانے والے مختلف دینی و اصلاحی پروگرامز، سیرت کانفرنسز، اور سیمینارز کے احاطے اور ترتیبات کو حتمی شکل دی گئی۔اجلاس کی صدارت ناظم اعلی مرکزی جمعیتِ اہلحدیث پاکستان علامہ عبد الرشید حجازی ۔نے کی جبکہ نظامت کے فرائض قاری محمد ارشد نے ادا کیے ۔ مولانا بہادر علی سیف، ضلعی ناظم قاری بشیر عزیزی، چوہدری حبیب اللہ عطار، مولانا اکرام اللہ طور، چوہدری حنظلہ طور، حافظ اسحاق سلفی،پروفیسر امین الرحمن ساجد،حافظ منظور الہی، ڈاکٹر ایوب صدیقی، افتخار احمد فراز، حافظ انور نعیم،حامد سلطان، ملک عبدالحفیظ،میاں وقاص خالد،عبدالوحیدطارق، حکیم محمدمنشا ضیا، شریک تھے، علامہ عبدالرشید حجازی نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ موجودہ دور کے سماجی و اخلاقی مسائل کا واحد حل سیرتِ طیبہ کی پیروی میں مضمر ہے۔ انہوں نے کارکنان اور علمائے کرام کو ہدایت کی کہ وہ فیصل آباد کی تمام تحصیلوں، قصبات اور دیہاتوں تک سیرت النبیۖ کا پیغام پہنچائیں۔ اجلاس کے دوران فیصل آباد کے تمام زونز میں خطباتِ جمعہ اور ڈویژنل سطح پر عظیم الشان سیرت کانفرنسز کے انعقاد کا جامع منصوبہ منظور کیا گیا۔اجلاس میں ضلعی سطح پر پروگرامز، فیصل آباد کے تمام اہم مراکزی علاقوں میں سیرت النبیۖ کانفرنسز کا انعقاد،نوجوانوں کی تربیت، اسکولوں، کالجوں اور دینی مدارس میں سیرتِ طیبہ کے عنوان سے کوئز اور مقالہ نگاری کے مقابلوں کا اہتمام،اتحادِ بین المسلمین ربیع الاول کے بابرکت ایام میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور باہمی اتحاد و محبت کو فروغ دینے کا عزم،دعوتی و اصلاحی مہم، سیرت النبی کی روشنی میں عام المسلمین کو سچائی، امانت داری، اور دکھی انسانیت کی خدمت کی ترغیب دینا،اجلاس کے اختتام پر ملکی سلامتی، اتحادِ امت، اور بالخصوص فلسطین و کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ اس موقع پر ضلعی و مقامی قیادت سمیت علما اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں