فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منہاج القرآن اسلامک سنٹرومنہاج القرآن نوری جامع مسجد گلفشاں کالونی کو طویل عرصہ تک جاری رہنے والے تنازع اور بندش کے بعد ضلعی انتظامیہ نے منہاج القرآن کے حوالے کرکے اس کو کھول دیا گیا۔مسجد کے کھلنے پر اہلِ علاقہ، نمازیوں اور تحریک منہاج القرآن کے وابستگان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ RPOفیصل آباد، CPOفیصل آباد، SPلائلپور ٹائون کی ہدایات پر SHOتھانہ جھنگ بازار اور DSPکامران کی نگرانی میں پولیس کی جانب سے فول پروف اورسخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے۔ پولیس افسران اور اہلکاروں کی موجودگی میں تحریک منہاج القرآن کے ذمہ داران کو مسجد کی چابیاں حوالے کی گئیں، جس کے بعد جامع مسجد نوری گلفشاں کالونی اسلامک سنٹر کو باقاعدہ طور پر نمازیوں کے لیے کھول دیا گیا۔اس موقع پرسرپرست تحریک منہاج القرآن فیصل آبادحاجی محمدامین القادری،حاجی محمدعارف بیگ،سابق ناظم بابرجمیل نیاز،پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری میاں کاشف محمود ،رانارب نوازانجم،ملک غلام حسین ،راناغضنفرعلی،خالدرفیق مصطفوی،سہیل مقصود،ملک شبیرحسین ایڈووکیٹ،شیخ ناصر،غلام محمدقادری،نعلین مصطفی،سمیت تحریک منہاج القرآن کے دیگر ذمہ داران اور کارکنان بھی موجود تھے۔مسجد کھولے جانے کے موقع پر تحریک منہاج القرآن کے ذمہ داران نے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ، پولیس افسران اور تمام متعلقہ حکام کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جامع مسجد نوری گلفشاں کالونی کا دوبارہ کھلنا اہلِ علاقہ اور نمازیوں کے لیے ایک خوش آئند اور تاریخی پیش رفت ہے۔تحریک منہاج القرآن کی مرکزی، ڈویژنل اور ضلعی قیادت سمیت تمام کارکنان نے اس موقع پر میاں کاشف محمود اور ان تمام افراد کو خراجِ تحسین پیش کیا ۔جنہوں نے مسجد کی بحالی اور دوبارہ کھولنے کے لیے قانونی و انتظامی سطح پر جدوجہد کی۔اہلِ علاقہ نے بھی مسجد کے دوبارہ کھلنے پرخوشی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ جامع مسجد نوری گلفشاں کالونی اسلامک سنٹر میں امن و سکون کے ساتھ مذہبی سرگرمیاں جاری رہیں گی اور یہ مرکز علم، تربیت، عبادت اور دینی رہنمائی کا مرکز ثابت ہوگا۔




