لاہور (بیورو چیف)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے پاکستان میں جرمنی کی سفیر اینا لیپل نے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلیم، تجارت سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر گفتگو کی گئی۔گورنر پنجاب نے جرمن چانسلر کی جانب سے امریکہ ایران تنازعہ میں خطے میں امن کے لیے پاکستانی قیادت کے کردار کے اعتراف اور تعریف پر شکریہ ادا کیا۔جرمن سفیر نے ایران امریکہ جنگ میں پاکستان کے ثالثی کے کردار کو سراہا۔گورنرپنجاب سردارسلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان دنیا میں امن کا خواہاں ہے اوراس نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ امریکہ اور ایران کے مابین کشیدگی کم کرانے میں پاکستان کی فوجی اور سول قیادت کے کردار کو عالمی سطح پر سراہا گیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے مابین کشیدگی کے باعث پاکستان سمیت عالمی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔




