فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) واردات میں ملوث کی دھمکی دیکر جعلی اہلکار نے شہری سے سوا سات لاکھ ہتھیا لئے’ ملت ٹائون پولیس نے متاثرہ شہری کی درخواست پر مقدمہ درج کر کے نوسرباز کی تلاش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق شریف پورہ گلی نمبر4 کے رہائشی محمد عثمان احمد نے تھانہ ملت ٹائون کو درخواست گزارتے ہوئے بتایا کہ وہ موٹرسائیکل پر شوگر موڑ پھاٹک کے قریب جا رہا تھا کہ یونیفارم میں ملبوس وائرلیس تھامے نوجوان نے خود کو پولیس اہلکار ظاہر کر کے روکا اور اسکو کہا کہ پیچھے جو واردات ہوئی ہے اس نے کی ہے اور اسکو ڈرا دھمکا کر اسکی جیب سے 7لاکھ 18ہزار روپے ہتھیا لئے اور تھانہ آنے کا کہا اور رقم لیکر چلا گیا۔ اس نے ریسکیو15 پر کال کی، پولیس آنے پر معلوم ہوا کہ وائرلیس سیٹ والا جعلی پولیس اہلکار بن کر لوٹ مار کرتا ہے۔ تاہم ملت ٹائون پولیس نے زیردفعہ 420، 379 ت پ کے تحت مقدمہ درج کر کے نوسرباز کی تلاش شروع کر دی ہے۔




