فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سرگودھا روڈ پولیس کی حراست سے امانت میں خیانت کا ملزم فرار ہو گیا’ غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ کرنے اور ملزم کو فرار کروانے کے الزام میں اے ایس آئی زاہد علی اور کانسٹیبل زاہد کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ایس ایچ او تھانہ سرگودھا روڈ رضوان جاوید نے قانونی کارروائی کرتے ہوئے بتایا کہ مقدمہ نمبری 1201 بجرم 406 کے ملزم نصیر احمد ولد محمد صدیق سکنہ رحمان شہید روڈ مدینہ ٹائون کو گرفتار کیا جس کو تفتیشی آفیسر سب انسپکٹر افراز عنصر نے 25 اگست کو جوڈیشل کروایا اور شام ہونے پر جوڈیشل نہ ہوا تو اس کو بطور راہداری تھانہ کی حوالات میں بند کروایا۔ گزشتہ روز اے ایس آئی زاہد علی’ کانسٹیبل زاہد ملزم کو پرائیویٹ گاڑی پر ڈسٹرکٹ جیل لے جا رہے تھے جب وہ بولیدی جھگی کے قریب پہنچے تو میلادالنبی کے جلوس کے رش کے باعث گاڑی رُکی تو ملزم ہتھکڑی نکال کر موقع سے فرار ہو گیا۔ مذکورہ تھانیدار اور کانسٹیبل کی لاپرواہی اور غفلت کے باعث ملزم فرار ہو گیا۔ سرگودھا روڈ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔




