ڈھاکا(مانیٹرنگ ڈیسک)بنگلادیش جے 10سی ای لڑاکا طیاروں اور اٹیک ہیلی کاپٹرز کی ممکنہ خریداری کے حوالے سے چین کے ساتھ باضابطہ مذاکرات کے قریب پہنچ گیا۔غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ایک حکومتی پینل اس معاہدے کا مسودہ تیار کر رہا ہے۔ بنگلادیشی وزیر اعظم کے مشیر برائے اطلاعات و نشریات زاہد الرحمان نے اس پیشرفت کا اعلان کیا۔زاہد الرحمان نے کہا کہ بنگلادیش نے اپنے پڑوس میں ہونے والے تنازع کے دوران چینی طیاروں کی شاندار کارکردگی کا بغور جائزہ لیا ہے۔زاہد الرحمان نے بنگلادیش کی جانب سے خریدے جانے والے طیاروں کی حتمی تعداد، معاہدے کی مالیت یا طیاروں کی ترسیل کے وقت کے حوالے سے فی الحال کچھ نہیں بتایا، ان کا کہنا تھا کہ ان تفصیلات کا تعین مذاکرات کے ذریعے ہی کیا جائے گا۔




