فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) جڑانوالہ کے علاقہ ستار نگر میں میلادالنبی صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم کی تقریب کے دوران دو فریقوں میں جھگڑا’ مشتعل افراد نے ایک دوسرے کے گھروں میں گھس کر لاٹھیوں’ ڈنڈوں سے حملہ متعدد افراد زخمی ہو گئے جبکہ دو شدید زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ جڑانوالہ کے علاقہ 643 گ ب ستار نگر میں محفل میلاد کے موقع پر بعض افراد میں کسی بات پر تلخ کلامی ہو گئی تو مشتعل افراد نے گالم گلوچ کرتے ہوئے ایک دوسرے کے گھروں میں گھس کر حملہ کر دیا، لاٹھیوں اور ڈنڈوں کے وار سے دونوں فریقوں کے متعدد افراد زخمی ہو گئے، لڑائی جھگڑے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ کر معمولی زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے دو شدید زخمیوں 50سالہ محمد اسلم اور 17سالہ علی شیر کو ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ درخواست پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔




