فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر) محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے جمعہ کے روز سکولوں میں چھٹی کا وقت 12:30 بجے مقرر کیے جانے پر اساتذہ، طلبہ اور والدین میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ تعلیمی و سماجی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات سے مطالبہ کیا ہے کہ جمعہ کے روز سکول ٹائمنگ میں تبدیلی کی جائے تاکہ اساتذہ اور طلبہ بروقت جمعہ کی نماز ادا کر سکیں۔تفصیلات کے مطابق محکمہ ایجوکیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے تحت جمعہ کے روز سکولوں سے طلبہ کو 12:30بجے چھٹی دی جاتی ہے۔ چیئرمین ایجوکیشن رائٹس کمیشن پاکستان محمد اسلم بٹ نے کہا کہ 12:30 بجے چھٹی ہونے کے باعث دور دراز علاقوں سے آنے والے اساتذہ اور طلبہ کو گھروں تک پہنچنے، جمعہ کی نماز کی تیاری کرنے اور بروقت مسجد پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جمعہ کی نماز مسلمانوں کے لیے اہم مذہبی فریضہ ہے، اس لیے سکولوں کے اوقات کار اس انداز میں مقرر کیے جانے چاہئیں کہ اساتذہ اور طلبہ کو نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے مناسب وقت میسر آ سکے۔ موجودہ ٹائمنگ کے باعث متعدد افراد کے لیے جمعہ کی نماز بروقت ادا کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔محمد اسلم بٹ نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی دینی اور اخلاقی تربیت بھی ضروری ہے، لہذا جمعہ کے روز سکولوں کی چھٹی کا وقت ایسا مقرر کیا جائے جو طلبہ و اساتذہ کی سہولت اور مذہبی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے موزوں ہو۔اس موقع پر حافظ نجف، مرزا زوالفقار، طارق سندھو، میاں رضوان، رانا شاہد خاں، رانا اشفاق خاں، چوہدری نواز اور دیگر نے بھی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات سے مطالبہ کیا کہ جمعہ کے روز سکولوں کی ٹائمنگ پر نظرثانی کرتے ہوئے چھٹی کا وقت پہلے مقرر کیا جائے، تاکہ اساتذہ اور طلبہ بغیر کسی پریشانی کے جمعہ کی نماز بروقت ادا کر سکیں۔




