فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر) میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے طلبہ و طالبات کو 2024-25 کی اسناد تاحال جاری نہ کیے جانے پر پرائیویٹ سکولز فورم پنجاب نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تعلیمی بورڈ فیصل آباد سے اسناد فوری جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔چیئرمین پرائیویٹ سکولز فورم پنجاب رانا شاہد مقرب نے کہا ہے کہ تعلیمی بورڈ فیصل آباد کی جانب سے اسناد کے اجرا میں طویل تاخیر سمجھ سے بالاتر ہے۔ 2024-25کے میٹرک اور انٹرمیڈ یٹ کے طلبہ و طالبات ابھی تک اپنی اسناد کے حصول کے منتظر ہیں، جس کے باعث انہیں سکولوں اور تعلیمی بورڈ کے بار بار چکر لگانے پڑ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر سکول انتظامیہ یہ بتاتی ہے کہ انہیں ابھی تک تعلیمی بورڈ کی جانب سے اسناد موصول نہیں ہوئیں تو سوال پیدا ہوتا ہے کہ اسناد کے اجرا میں اتنی تاخیر کیوں ہو رہی ہے۔ طلبہ سے اسناد کی فیس داخلہ کے وقت ہی وصول کر لی جاتی ہے، اس کے باوجود انہیں بروقت اسناد فراہم نہ کرنا طلبہ اور والدین کے لیے مشکلات کا باعث بن رہا ہے۔رانا شاہد مقرب نے کہا کہ متعدد طلبہ مجبوری کے باعث ارجنٹ فیس ادا کرکے اپنی اسناد حاصل کرنے پر مجبور ہیں، حالانکہ اسناد کی فیس پہلے ہی طلبہ سے وصول کی جا چکی ہوتی ہے۔ اصولی طور پر اگر مقررہ فیس وصول کرنے کے باوجود اسناد بروقت فراہم نہیں کی جاتیں تو اضافی ارجنٹ فیس وصول کرنے کا معاملہ بھی قابلِ غور ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ جن طلبہ سے اسناد کی فیس پہلے ہی وصول کی جا چکی ہے، انہیں بغیر کسی غیر ضروری تاخیر کے اسناد جاری کی جائیں اور اسناد کے اجرا کے نظام کو مزید موثر بنایا جائے تاکہ مستقبل میں طلبہ کو اس اہم دستاویز کے حصول کے لیے بار بار دفاتر کے چکر نہ لگانا پڑیں۔اس موقع پر چوہدری ندیم سندھو ممبر ڈسٹرکٹ رجسٹریشن اتھارٹی، میاں ندیم شہزاد، سید ابرار حسین شاہ، گلزار حسین، شیخ غلام سرور، رانا خلیل احمد اور دیگر نے بھی چیئرمین تعلیمی بورڈ فیصل آباد رانا بنیامین سے مطالبہ کیا کہ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے 2024-25 کے تمام طلبہ و طالبات کی اسناد فوری طور پر جاری کی جائیں اور اسناد کے اجرا میں تاخیر کی وجوہات کا بھی جائزہ لیا جائے۔




