نہم امتحانات کے نتائج کا اعلان 2 ستمبر کو ہو گا

فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر) پنجاب کے تمام 9 تعلیمی بورڈز نہم جماعت کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان 2ستمبر بروز بدھ صبح 10 بجے ہو گا۔ نہم جماعت کے نتائج کے حوالے سے طلبہ کے لیے مختلف اہم آپشنز بھی واضح کر دیے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق نہم جماعت کے جن امیدواروں کے کسی مضمون میں 33 فیصد سے کم نمبر ہوں گے، وہ متعلقہ مضمون کا امتحان دہم جماعت کے ساتھ سالانہ امتحان 2027 میں دے سکیں گے۔ جو طلبہ نہم جماعت کے اپنے نتائج سے مطمئن نہیں ہوں گے، وہ نتیجہ جاری ہونے کے 30 دن کے اندر اپنے موجودہ ادارے یا کسی دوسرے تعلیمی ادارے میں نہم جماعت میں دوبارہ داخلہ لے سکتے ہیں۔ ادارہ تبدیل کرنے کی صورت میں مائیگریشن کروانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔مزید برآں ایسے امیدوار جو نہم جماعت کے نتیجے سے مطمئن نہیں لیکن دوبارہ نہم جماعت میں داخلہ نہیں لینا چاہتے، وہ دہم جماعت کا امتحان پاس کرنے کے بعد اپنے نمبروں میں بہتری کے لیے نہم جماعت کے تمام مضامین یا کسی مخصوص مضمون کا امتحان دوبارہ دے سکیں گے۔مارکس امپروومنٹ کے لیے نہم جماعت کا امتحان دینے والے امیدواروں کا پیپر سابقہ سلیبس اور پیپر پیٹرن کے مطابق ہی لیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں