فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ غلام محمد آباد کے علاقہ سدھوپورہ سیم پلی کے قریب سی سی ڈی کیساتھ مبینہ پولیس مقابلہ میں ریکارڈ یافتہ آئس ڈیلر ہلاک جبکہ اس کے دو ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے، پولیس نے نعش ہسپتال منتقل کر کے فرار ہونیوالے ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق سی سی ڈی لائلپور ٹائون کے انچارج صدیق چیمہ’ سی سی ڈی مدینہ ٹائون انسپکٹر سید ارم رضا شاہ اور انچارج سی سی ڈی علی اکرام گورایہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ تھانہ غلام محمدآباد کے علاقہ سدھوپورہ سیم پل کے قریب ناکہ بندی کے دوران مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو روکا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی جوابی فائرنگ کا سلسلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا جس نے اپنا نام محمد اسلم ولد شریف سکنہ 760 گ ب ناصر نگر ٹوبہ ٹیک سنگھ’ حال ستارہ سپنا بتایا، تلاشی لینے پر اس کے قبضہ سے لاکھوں روپے مالیت کی آئس اور ہیروئن بھی برآمد ہوئی جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی زندگی کی بازی ہار گیا۔ مرنے والا بدنام منشیات فروش اور شہر کا بڑا آئس ڈیلر تھا۔ مرنے والے ملزم نے 28 اگست کو 10 کلوگرام آئس علاقہ غیر سے منگوائی تھی اور گزشتہ شب آئس کی سپلائی کے لیے جا رہا تھا کہ سی سی ڈی کیساتھ آمنا سامنا ہو گیا جبکہ اس کے دو ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے۔ پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے اس کے ساتھیوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔




