فیصل آباد(ایجوکیشن رپورٹر) محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبے کے سرکاری سکولوں میں طلبہ کو غذائیت بخش خوراک کی فراہمی کے لیے6ارب87کروڑ روپے کی لاگت سے سکول میل پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جسکے تحت 10لاکھ 28ہزار طلبہ کو ہفتے میں تین روز دودھ جبکہ ایک روز دودھ کے ساتھ بسکٹ فراہم کیے جائیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے 7,294اسکولوں میں اسکول میل پروگرام شروع کرنے کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے، جس پر عملدرآمد رواں ماہ ستمبر سے شروع کیا جائے گا۔رواں مالی سال کے دوران یہ پروگرام پنجاب کے 13 اضلاع میں جاری رکھا جائے گا، جن میں بہاولنگر، بھکر، چنیوٹ، ڈیرہ غازی خان، کوٹ ادو، لیہ، لودھراں، میانوالی، مظفرگڑھ، رحیم یار خان، راجن پور، تونسہ اور وہاڑی شامل ہیں۔واضح رہے کہ اسکول میل پروگرام کا آغاز مالی سال 2023-24 میں صرف تین اضلاع سے کیا گیا تھا، جسے بعد ازاں 2024-25 میں 13 اضلاع تک وسعت دی گئی۔ اب رواں مالی سال بھی انہی 13 اضلاع میں طلبہ کو دودھ اور بسکٹ کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔محکمہ اسکول ایجوکیشن کے مطابق پروگرام کا بنیادی مقصد سرکاری اسکولوں میں زیر تعلیم بچوں کو بہتر غذائیت فراہم کرنا، ان کی صحت مند نشوونما میں معاونت کرنا اور تعلیمی سرگرمیوں میں ان کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔




