ساہیوال (بیورو چیف)ساہیوال شہر اور گرد و نواح میں دو نمبر جعلی مشروبات کی دھڑلے سے فروخت جاری ہے متعدد دکاندار غیر معیاری اور جعلی بوتلیں فروخت کر رہے ہیں، ذرائع سے بھی معلوم ہوا کچھ دکانداروں نے گھروں کے اندر جعلی مشروبات بنانے کی چھوٹی فیکٹریاں لگا رکھی ہیں جن کی تیاری غیر صحت بخش اور غیر محفوظ مقامات پر کی جاتی ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ منافع کے لالچ میں دکاندار شہریوں کی صحبت سے کھلواڑ کر رہے ہیں۔ جعلی مشروبات میں استعمال ہونے والا پانی اور کیمیکل انسانی صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہیں، جن سے معدے، جگر اور دیگر امراض تیزی سے پھیل رہے ہیں۔ عوامی و سماجی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ساہیوال اور اس کے مضافاتی علاقوں میں جعلی بوتلوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے، ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت قانونی اقدامات کیے جائیں تا کہ شہریوں کی صحت محفوظ رہ سکے۔




