فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) اینٹی کرپشن نے محکمہ انہار کے ڈپٹی کلکٹر’ میونسپل کارپوریشن پلاننگ برانچ اور یونین کونسل63 کے نائب قاصد کو رشوت لیتے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا اور ان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ تفصیل کے مطابق اینٹی کرپشن حکام نے علاقہ مجسٹریٹ کے ہمراہ کامیاب چھاپہ مار کر محکمہ انہار کے ڈپٹی کلکٹر محمد سعید کو رشوت لیتے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا’ موصوف شہری کی فائل کو منظور کرنے کے عوض رشوت وصول کر رہے تھے جبکہ اینٹی حکام نے میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کے پلاننگ برانچ کے نائب قاصد نعیم نصیر کو گرفتار کر لیا۔ پکڑے جانیوالا رشوت خور نائب قاصد نعیم نصیر پر ایک شہری کو ڈیلی ویجز پر ملازمت دلوانے کا جھانسہ دیکر 20ہزار رشوت لینے کا الزام ہے۔ چیف آفیسر نے مذکورہ نائب قاصد کو معطل کر کے میونسپل فنانس آفیسر اویس بن مالک کو تحقیقات کرنے کا حکم دے دیا اور جلد انکوائری مکمل کر کے رپورٹ پیش کریں۔ علاوہ ازیں اینٹی کرپشن نے یونین کونسل3 حسن پورہ میں تعینات نائب قاصد عمر حیات کو بھی رشوت لیتے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا جو کہ شہری مجاہد علی کو ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے اجراء کرنے کے عوض 12ہزار روپے رشوت لینے کا الزام ہے۔ تاہم اینٹی کرپشن حکام نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے تحقیقات شروع کر دیں۔




