فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) ایف آئی اے سرکل فیصل آباد نے انکوائری کے بعد درج مقدمہ نمبر 26/2026 میں HBL گرین مارکیٹ برانچ سمندری کے سابق برانچ منیجر وسیم خلیل کو گرفتار کر لیا’ ذرائع کے مطابق مذکورہ مقدمہ انسدادِ بدعنوانی ایکٹ 1947 کی دفعہ 5(2) جبکہ PPC کی دفعات 109، 419، 420، 468 اور 471 کے تحت درج کیا گیا ہے، تحقیقاتی حکام کے مطابق ایک بینک اکائونٹ مبینہ طور پر متعلقہ شخص کی رضامندی یا علم کے بغیر کھولا گیا، جس کے ذریعے تقریباً 42 کروڑ روپے کی ڈیبٹ اور کریڈٹ ٹرانزیکشنز ہوئیں۔ حکام کے مطابق اکائونٹ کھولنے اور بعد ازاں بند کرنے سے متعلق ریکارڈ بھی بینک کے پاس دستیاب نہیں تھا۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ HBL کی Consulting and Investigation Unit (CIU) کی داخلی تحقیقات میں بھی مذکورہ اکائونٹ کھولنے میں بینک حکام کے کردار کی نشاندہی ہوئی، جبکہ اکائونٹ سے ہونے والی بیشتر ٹرانزیکشنز ٹیکسٹائل کاروبار سے متعلق تھیں ایف آئی اے کے مطابق دستیاب زبانی اور دستاویزی شواہد کی بنیاد پر مقدمہ درج کرنے کی منظوری دی گئی، جس کے بعد تفتیشی آفسر سب انسپکٹربشیر خان نے وسیم خلیل کو گرفتار کیاحکام کے مطابق ملزم سے معاملے میں مبینہ کردار کے حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ تمام متعلقہ افراد کا کردار دستیاب شواہد کی روشنی میں طے کیا جائے گا۔




