فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر) پنجاب کے تمام نو تعلیمی بورڈز میں نویں جماعت کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج نے تعلیمی نظام کا پول کھول دیا صوبہ بھر میں امتحان دینے والے 13 لاکھ 95ہزار 475امیدواروں میں سے 7 لاکھ 53ہزار 813طلبہ کامیاب نہ ہوسکے، جبکہ 6 لاکھ 41ہزار 662امیدوار کامیاب قرار پائے ۔ اعداد و شمار کے مطابق پنجاب بھر میں مجموعی کامیابی کا تناسب 45.98فیصد جبکہ ناکامی کا تناسب 54.02فیصد رہا۔ نتائج کے مطابق فیصل آباد بورڈ کے تحت ایک لاکھ 96ہزار 656امیدواروں نے امتحان دیا، جن میں سے 95 ہزار 948 ناکام جبکہ ایک لاکھ 708 کامیاب ہوئے، یوں کامیابی کا تناسب 51.21 فیصد رہا۔لاہور بورڈ میں 2 لاکھ 80 ہزار 676 امیدواروں نے امتحان دیا، جن میں سے ایک لاکھ 50 ہزار 133 ناکام اور ایک لاکھ 30 ہزار 543 کامیاب ہوئے، کامیابی کا تناسب 46.51 فیصد رہا۔بہاولپور بورڈ میں ایک لاکھ 5 ہزار 601 امیدواروں میں سے 64 ہزار 990 ناکام جبکہ 40 ہزار 611 کامیاب ہوئے، کامیابی کا تناسب 38.46 فیصد رہا۔سرگودھا بورڈ میں ایک لاکھ 7 ہزار 782 امیدواروں نے امتحان دیا، جن میں سے 61 ہزار 857 ناکام اور 45 ہزار 925 کامیاب ہوئے، کامیابی کا تناسب 42.61 فیصد رہا۔گوجرانوالہ بورڈ میں 2 لاکھ 49 ہزار 252 امیدواروں میں سے ایک لاکھ 33 ہزار 286 ناکام جبکہ ایک لاکھ 15 ہزار 966 کامیاب ہوئے، کامیابی کا تناسب 46.53 فیصد رہا۔ساہیوال بورڈ میں 87 ہزار 93 امیدواروں نے امتحان دیا، جن میں سے 49 ہزار 290 ناکام اور 37 ہزار 803 کامیاب ہوئے، کامیابی کا تناسب 43.41 فیصد رہا۔راولپنڈی بورڈ میں ایک لاکھ 21 ہزار 739 امیدواروں میں سے 76 ہزار 15 ناکام جبکہ 45 ہزار 724 کامیاب ہوئے، کامیابی کا تناسب 37.56 فیصد رہا۔ڈی جی خان بورڈ میں ایک لاکھ 6 ہزار ایک امیدواروں نے امتحان دیا، جن میں سے 54 ہزار 920 ناکام اور 51 ہزار 81 کامیاب ہوئے، کامیابی کا تناسب 48.19 فیصد رہا۔ملتان بورڈ میں ایک لاکھ 40 ہزار 675 امیدواروں نے نویں جماعت کا امتحان دیا، جن میں سے 67 ہزار 374 ناکام جبکہ 73 ہزار 301 کامیاب ہوئے، یوں کامیابی کا تناسب 52.11 فیصد رہا۔اعداد و شمار کے تقابلی جائزے کے مطابق مذکورہ نو بورڈز میں ملتان بورڈ کا کامیابی کا تناسب سب سے زیادہ 52.11 فیصد جبکہ راولپنڈی بورڈ کا سب سے کم 37.56 فیصد رہا۔ فیصل آباد بورڈ 51.21 فیصد کامیابی کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔تعلیمی حلقوں کا کہنا ہے کہ نویں جماعت کے امتحانات میں نصف سے زائد امیدواروں کا کامیاب نہ ہونا پنجاب کے تعلیمی نظام، طلبہ کی تعلیمی بنیاد اور امتحانی تیاری کے حوالے سے سنجیدہ جائزے کا متقاضی ہے۔




