اپٹپما نے الائیڈ ہسپتال II کیلئے 1 کروڑ کی 5 اینستھزیا مشینیں فراہم کر دیں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ کی تحریک پر آل پاکستان ٹیکسٹائل پروسیسنگ ملز ایسوسی ایشن (اپٹپما) نے الائیڈ ہسپتال IIکے لئے ایک کروڑ روپے مالیت کی5، اینستھزیا مشینیں عطیہ کی ہیں۔ یہ مشینیں کمشنر فیصل آباد نے ہسپتال جاکر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ظفر اقبال کے حوالے کیں۔ چیئرمین اپٹپما بائو ملک محمد اکرم،سابق چیئرمین حافظ محمد اصغر و دیگر ممبران کے علاوہ ڈاکٹرز،پیرا میڈیکل سٹاف موجود تھا۔کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کو مبارکباد دی اور چیئرمین اپٹپما اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال کو اینستھزیا مشینوں کی اشد ضرورت تھی اورمشینوں کی کمی کے باعث مریضوں کے آپریشنز کی ویٹنگ لسٹ ایک سال تک پہنچ رہی تھی تاہم چیئرمین اپٹپما نے5 مشینیوں کی فراہمی کا وعدہ کیا جسے آج پورا کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا یہ وہ انویسٹمنٹ ہے جو نسلوں تک محیط ہے،اب ہسپتال انتظامیہ پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مشینوں کو بروئے کار لاکر مریضوں کے تیز رفتار علاج معالجہ میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ پاک ہمیں نیک کام کرنے،نیک کاموں میں حصہ لینے اور مریضوں کے علاج معالجہ کو یقینی بنانے کی توفیق دے۔ چیئرمین اپٹپما نے کمشنر فیصل آبادکی سرپرستی کا شکریہ اداکرتے ہوئے عزم کو دہرایا اور کہا کہ ہسپتالوں میں درکار طبی سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں