ربجا اپنے ارکان کو مشکل وقت میں تنہا نہیں جھوڑے گی

اسلام آباد(بیوروچیف)راولپنڈی اسلام آباد بیوروز جرنلسٹس ایسوسی ایشن (RIBJA) کے زیرِ اہتمام ایسوسی ایشن کے ارکان کے عزیز و اقارب اور صحافتی برادری سے وابستہ مرحومین کی وفات پر تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں جڑواں شہروں سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تعزیتی ریفرنس میں سردار نثار تبسم اور سردار فیاض کی جوان سال بہن، محمد فیاض کی والدہ، جبکہ ربجا کے بانی رہنما عابد کاظمی اور زبیر بلوچ سمیت دیگر مرحومین کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا۔تقریب میں نیشنل پریس کلب کے سیکرٹری فنانس عابد عباسی سمیت صحافتی برادری کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر تمام مرحومین اور ربجا کے ارکان کے ان عزیز و اقارب کے ایصالِ ثواب اور مغفرت کے لیے اجتماعی دعا کی گئی جو حالیہ عرصے میں دنیا فانی سے رخصت ہوئے۔اس موقع پر ربجا کے صدر مرتضی ملک، جنرل سیکرٹری فیاض چوہدری اور چیئرمین سردار شوکت محمود خان نے تعزیتی کلمات میں مرحومین کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں ہر ذی روح کو موت کا ذائقہ چکھنا ہے اور یہ کائنات فانی ہے۔ اپنے پیاروں کی جدائی یقینا ناقابلِ تلافی نقصان ہے، تاہم غم کی ان گھڑیوں میں اپنے ساتھیوں اور ان کے خاندانوں کے ساتھ کھڑا ہونا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ ربجا اپنے ارکان کو مشکل اور دکھ کی گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑے گی اور صحافتی برادری کے درمیان باہمی اخوت، ہمدردی اور یکجہتی کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی۔رہنمائوں نے مرحومین کے درجات کی بلندی، مغفرت اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔شرکا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ربجا کے ارکان اور ان کے اہل خانہ کے دکھ درد میں شریک ہونے کے لیے آئندہ بھی ایسی تعزیتی اور فلاحی تقریبات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں