فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) پیپلز کالونی پولیس اور سی سی ڈی کیساتھ مبینہ پولیس مقابلوںمیں ریکارڈ یافتہ دو ڈاکو ہلاک جبکہ ان کے تین ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے، پولیس نے نعشیں ہسپتال منتقل کر کے ان کے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں، پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او تھانہ پیپلز کالونی میاں واجد حسین نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جی ٹی ایس پل کے نیچے ناکہ پر مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی اور فرار ہو گئے تاہم پولیس پارٹی نے تعاقب کیا تو ریلوے گرائونڈ کے قریب آمنا سامنا ہو گیا، ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا جس نے اپنا نام امیر ولد شہامد سکنہ خانیوال بتایا جس کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا ،مرنے والا ڈاکو درجنوں وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا ، اور اس نے اپنی اصل شناخت چھپانے کیلئے مختلف ناموں سے جعلی شناختی کارڈ بنوا رکھے تھے۔ اور وہ فیصل آباد سمیت پنجاب بھر میں موٹر سائیکلیں چھیننے اور چوری کی وارداتوں میں ملوث تھا ،علاوہ ازیں سی سی ڈی سمندری کے ساتھ مبینہ مقابلہ میں درجنوں مقدمات میں ملوث ریکارڈ یافتہ ڈاکو امین اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر اپنے انجام کو پہنچ گیا، جبکہ اس کے دو ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے، پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کرکے ان کے فرار ہونے والے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔




