ٹریفک حادثات میں3سالہ بچے سمیت4افراد جاں بحق،5زخمی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مختلف ٹریفک حادثات میں 3سالہ بچے سمیت 4افراد جاں بحق’ خاتون سمیت 5افراد بری طرح زخمی ہو گئے، ریسکیو1122 نے نعشیں پولیس کے حوالے کر کے زخمیوں کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ چک جھمرہ کے علاقہ سالار والہ سانگلہ ہل روڈ پر تیز رفتار کار کی ٹکر لگنے سے موٹرسائیکل سوار 19سالہ معین جاں بحق’ اس کا ساتھی حسنین بری طرح زخمی ہو گیا، جڑانوالہ روڈ سید والا انٹرچینج سے سمندری روڈ پر تیز رفتار کار سڑک کنارے کھڑے منی مزدا ٹرک سے ٹکرا گئی، گاڑیکا اگلا حصہ بری طرح تباہ ہو گیا اور فرنٹ سیٹ پر بیٹھا 38سالہ حسیب احمد ولد اﷲ دتہ گاڑی میں پھنس گیا، حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر اپنی پیشہ وارانہ مہارت کے باعث گاڑی میں پھنسے حسیب احمد کو باہر نکالا تو وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار چکا تھا۔ جبکہ ڈرائیور اور خاتون بری طرح زخمی ہو گئے۔ کھرڑیانوالہ کے علاقہ مکوآنہ بائی پاس کے قریب محنت کش قیصر کا تین سالہ بچہ حمدان کھیل رہا تھا کہ تیز رفتار ٹرک نے کچل دیا۔ علاوہ ازیں جھنگ روڈ کے رہائشی 15سالہ احمد رضا’ 13سالہ صائم اور 13سالہ زوہیب موٹرسائیکل پر جا رہا تھے کہ ائیرپورٹ کے قریب تیز رفتار چنگ چی کی ٹکر لگنے سے بری طرح زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کی غرض سے ہسپتال لایا گیا جہاں پر 15سالہ احمد رضا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کر دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں