لاہور( بیورو چیف)ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.65 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد مہنگائی کی سالانہ شرح 8.35 فیصد تک پہنچ گئی۔ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں چکن، آٹا، آلو، پیاز اور ٹماٹر سمیت 17 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں۔پیاز کی قیمت میں 26 فیصد جبکہ ٹماٹر کی قیمت میں 2.55 فیصد تک اضافہ ہوا۔ مہنگی ہونے والی اشیا میں گندم کا آٹا، چکن، دال ماش اور لہسن بھی شامل ہیں۔،پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔سالانہ بنیاد پر پیاز کی قیمت میں 162 فیصد، آٹے میں 17 فیصد اور مرچ کی قیمت میں 16 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ادارہ شماریات کے مطابق مٹن 16 فیصد جبکہ بیف 13 فیصد سے زائد مہنگا ہوا، جبکہ دودھ اور بریڈ بھی مہنگی ہونے والی اشیا میں شامل ہیں۔سالانہ بنیاد پر ایل پی جی کی قیمت میں 54 فیصد اور ڈیزل کی قیمت میں 38 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ پیٹرول 31 فیصد اور بجلی 25 فیصد سے زائد مہنگی ہوئی۔




