اسلام آباد (بیورو چیف)وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ کچھ ممالک نے مکہ دفاعی اتحاد میں شامل ہونے میں دلچسپی ظاہر کی ہے، نئے ممبران کی شمولیت سے متعلق مکہ مشترکہ دفاعی معاہدیسے متعلق کمیٹی کا آئندہ اجلاس اکتوبر کے آغاز میں ہوگا، مقام کا فیصلہ مشاورت سے کیا جائیگا تاہم ممکنہ طور پر اجلاس پاکستان میں ہوسکتا ہے فیصلہ قیادت کرے گی۔پارلیمنٹ ہائوس میں صحافیوں سے گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ سے متعلق کمیٹی کے پہلے اجلاس میں دفاعی اتحاد میں توسیع پر بھی مشاورت ہوئی، توسیع کب ہونی ہے تفصیل سے بات چیت کی گئی، اجلاس میں نئے لوگوں کے مکہ معاہدہ میں شامل ہونے کے پروسیجر پر بھی مشاورت ہوئی، کتنی مدت کے بعد نئے ممبران کے لیے دروازے کھولنے چاہیے اس پر بات ہوئی ہے، اگلی ملاقات میں وہ پروسیجر سامنے آجائے گا۔خواجہ آصف کے مطابق مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ سے متعلق آئندہ اجلاس اکتوبر کے شروع میں ہوگا، اجلاس کہاں ہوگا اس بارے فیصلہ باہمی مشاورت سے ہوگا ، جب ضرورت پڑے گی مکہ دفاعی اتحاد کا سربراہی اجلاس بھی ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ اجلاس میں تنظیم کے ڈھانچہ ، عہدیداروں اور سیکرٹریٹ کے بارے مشاورت ہوئی ہے، سیکرٹری جنرل اور اس کے نیچے کے ڈھانچہ اور دفاتر پر بات چیت ہوئی ہے۔ پاکستان سے سیکرٹری جنرل کون ہو گا میرے علم میں نہیں۔




