دھان کی باقیات جلانے والوں کیساتھ سختی سے نمٹا جائیگا

لاہور(بیورو چیف)وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ لاہور میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبہ پنجاب میں دھان و دیگر فصلوں کی باقیات جلانے کی روک تھام کے حوالے سے جاری عملی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ کسانوں کو فصلوں کی باقیات جلانے سے روکا جا رہا ہے جبکہ خلاف ورزی پر جرمانے اور انتباعی نوٹسز جاری کیے جا رہے ہیں۔کسانوں کو فصلوں کی باقیات تلف کرنے کے لیے متبادل سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تین سال قبل سپر سیڈرز کی تعداد تقریباً 300 تھی جو موجودہ حکومت نے سبسڈی کی فراہمی سے 10 ہزار کر دی ہے۔ اسی طرح بیلرز کی تعداد چارسے بڑھ کر تقریباً 150 جبکہ ہارویسٹرز کی تعداد 100 سے بڑھ کر تقریباً 450 ہوچکی ہے۔وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ دھان کی باقیات کو آگ لگانے کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ سید عاشق حسین کرمانی نے مزید کہا کہ دھان کی فصل کی مکمل کٹائی تک یہ مہم جاری رہے گی۔اجلاس کے دوران سیکرٹری زراعت پنجاب شکیل احمد میاں نے کہا کہ محکمہ زراعت پنجاب کے تحت صوبائی اور ضلعی سطح پر فوکل پرسنز مقرر کر دیے گئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں