فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی پی او تنویر حسین کی ہدایت ٹائوٹ مافیا کیخلاف کریک ڈائون کے دوران خود کو سرکاری ملازم ظاہر کر کے سادہ لوح شہریوں سے رقوم بٹورنے والا رضا کار پکڑا گیا، فیکٹری ایریا پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے زیردفعہ 170، 162، 163 ت پ کے تحت مقدمہ درج کر کے بازپرس شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق تھانہ فیکٹری ایریا کے اے ایس آئی منور حسین خاں نے قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے بتایا کہ اس کو اطلاع ملی تھی کہ تھانہ کا سابقہ رضا کار محمد عرفان ولد عبدالستار سکنہ پھاٹک نمبر 11 محلہ غریب آباد تھانہ کے اردگرد رہتا ہے اور خود کو سرکاری ملازم ظاہر کر کے تھانہ آنیوالے سائلین سے رقوم بٹورتا ہے، جس پر پولیس پارٹی نے کامیاب چھاپہ مار کر مذکورہ سابق رضا کار محمد عرفان کو گرفتار کر کے حوالات بند کر دیا اور اس کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔




