اسلام آباد(بیوروچیف) پاکستانی معیشت میں اعتماد کی بحالی، صارفین کا بڑھتا اطمینان اور مثبت معاشی اشاریے ترقی کی نئی امید بن رہے ہیں۔بین الاقوامی مالیاتی اداروں نے پاکستانی معیشت میں بہتری، صارف اعتماد اور استحکام کے اقدامات کی واضح توثیق کر دی ہے۔عالمی مارکیٹ ریسرچ کمپنی آئی پی ایس او ایس کے کنزیومر کانفیڈنس انڈیکس سروے کے مطابق پاکستان میں صارفین کے مجموعی اعتماد کا انڈیکس 0.4پوائنٹس اضافے سے 33.6کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔سروے کے مطابق پاکستان کو درست سمت میں گامزن سمجھنے والوں کی شرح 24فیصد ہوگئی، جو اگست 2024میں 11فیصد تھی، معاشی بہتری کی امید رکھنے والے افراد کی شرح بھی 2سال پہلے 12فیصد تھی، جو اب تقریباً 23فیصد تک پہنچ چکی ہے۔کنزیومر کانفیڈنس انڈیکس سروے کے مطابق ضروری گھریلو اشیا کی معمول کی خریداری پر اطمینان 3فیصد بڑھ کر 10فیصد ہوگیا، گھر یا گاڑی جیسی بڑی خریداری کیلئے صارفین کا اعتماد بھی 2فیصد اضافے سے 7فیصد ہوگیا ہے۔سروے کے مطابق پاکستان میں سرمایہ کاری پر اعتماد 15فیصد ہے، جو گزشتہ ایک سال کے دوران مجموعی طور پر مستحکم رہا، پاکستان میں معاشی صورتحال، روزگار اور سرمایہ کاری کے گلوبل کنزیومر کانفیڈنس انڈیکس یعنی جی سی سی آئی میں بھی بہتری آئی ہے۔




