فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیکٹری’ گھر اور بجلی کے ٹرانسفارمر کو آگ لگنے کے واقعات میں بھاری مالیت کا سامان جل گیا، ریسکیو1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔ تفصیل کے مطابق اسلامیہ پارک چباں روڈ پر اﷲ ہو ڈیرہ کے قریب مزدا ڈالہ بجلی کے پول سے ٹکرا گیا جسکی وجہ سے ٹرانسفارمر کا آیل لیک ہونے سے آگ بھڑک اُٹھی’ ٹرانسفارمر جل گیا۔ جبکہ ڈھڈی والا جڑانوالہ روڈ پر وائل ویلز میں لوڈ زیادہ ہونے پر شہری کی سولر ڈی پی اور بیٹریوں میں آگ لگ گئی، لاکھوں روپے مالیت کی بیٹریاں جل گئیں۔ علاوہ ازیں شیخوپورہ روڈ پر ڈرمانوالہ موڑ پر واقع آئیڈیل فائبر فیکٹری کے کاٹن کے گودام میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اُٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے گودام کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، آگ لگنے کے واقعات پر ریسکیو ٹیموں نے بروقت موقع پر پہنچ کر کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔ تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔




