فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے جھنگ بازار کے علاقہ امین پارک میں چھاپہ مار کر ایکسپائر’ نان کسٹم پیڈ ایرانی خشک دودھ پکڑ لیا’ مالک اور رکشہ ڈرائیور کو حراست میں لیکر مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔ فوڈ سیفٹی آفیسر احسن محمود نے اطلاع ملنے پر اپنی ٹیم کے ہمراہ امین پارک مین بازار میں جہانگیر خان کے غیر قانونی سٹور پر چھاپہ مارا تو جہاں پر 300 کلو ایرانی سکم ملک پائوڈر پایا گیا، جانچ پڑتال کرنے پر مذکورہ خشک دودھ ایکسپائر تھا اور اس کا کسٹم بھی ادا نہ کیا گیا تھا۔ جبکہ سٹور میں جگہ جگہ گندگی اور صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات پائے گئے اور مذکورہ خشک دودھ شہر بھر کے مختلف علاقوں میں سپلائی کرنے کیلئے رکشہ پر لوڈ کیا جا رہا تھا ، جس پر سٹور کے مالک جہانگیر خان اور رکشہ ڈرائیور شکیل کو حوالہ پولیس کر دیا اور مذکورہ خشک دودھ کو قبضہ میں لیکر سٹور کو سیل کر دیا۔ جھنگ بازار پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔




